
امریکا(جیوڈیسک)امریکا کی معروف کاروباری شخصیت اور سیاست دان مٹ رومنی کو فلوریڈا میں ہونے والے ری پبلکن پارٹی کے کنونشن میں صدارتی امیدوار نامزد کر دیا گیا ہے۔
مٹ رومنی 12 مارچ 1947 کو مشی گن میں ایک سیاسی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والدجارج ڈبلیو رومنی 1963 سے1969 تک ریاست مشی گن کے گورنر رہے۔ 1969میں ان کی شادی این ڈیویز سے ہوئی اور ان کے ہاں پانچ بچے پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1975 میں ہاروڈ یونیورسٹی سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔ مٹ ایک کاروباری شخصیت اور سیاست دان ہیں اور 2003سے2007 تک ریاست میساچوسٹس کے گورنر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 1977 میں برائن اینڈ کمپنی سے اپنی عملی زندگی کا آغاز کیا اور پھر اسی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی رہے۔
رومنی نے 2008 کے صدارتی انتخابات میں ری پبلیکن پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کی مہم چلائی لیکن اس مقابلے میں جان مکین کامیاب رہے۔ آج امریکا کی تمام ریاستوں سے ری پبلکن پارٹی کے چار ہزار چار سو نمائندوں نے فلوریڈا کنونشن میں شرکت کی اور مٹ رومنی کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کیا۔ مٹ امریکا میں 6 نومبر کو صدارتی انتخابات میں صدر اوباما کا مقابلہ کریں گے۔ رومنی کے کل اثاثے امریکا کے آخری 8 صدور سے زیادہ ہیں۔ اگر وہ کامیاب ہوئے تو ان کا شمار امریکا کے امیر ترین صدور میں ہو گا۔
