
ماسکو(جیوڈیسک) امریکیوں پر روسی بچوں کو گود لینے پر پابندی عائد، روسی پارلیمنٹ نے بل کی منظوری دیدی۔
روسی پارلیمنٹ ایوان زیریں نے ایک اہم بل کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت امریکیوں پر روسی یتیم بچوں کو گود لینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہ اقدام زبردست عوامی احتجاج کے بعد سامنے آیا ہے۔
بل جو کہ امریکی میگنیٹسکی قانون کے برعکس سامنے آیا ہے جس کی 400 اراکین پارلیمنٹ نے منظوری دی۔ چار ارکان نے اس کی مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ دو نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔
بل کی اب پارلیمنٹ کے ایوان بالا سے منظوری حاصل کرنے کی ضرورت ہے جس کے بعد یہ صدر ولا دیمیر پیوٹن کو بھیجا جائے گا جن کے دستخطوں سے قانونی شکل اختیار کر لے گا۔ دوسری جانب روسی صدر نے اس پارلیمانی قانون سازی کی حمایت کی ہے جس کے تحت امریکیوں کے لئے روسی بچوں کو گود لینا غیر قانونی قرار دیا جائے گا۔
پیوٹن نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ریاستی دوما کی طرف سے یہ ایک جذباتی ردعمل ہے لیکن میرے خیال میں یہ مناسب ہے۔
