
سعودی عرب(جیوڈیسک)سعودی عرب کی مذہبی پولیس کی طرف سے اختیارات کے غلط استعمال کی اطلاعات پر ان کے اختیار میں کمی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
مذہبی پولیس کے سربراہ شیخ عبدالطیف عبدالعزیز الشیخ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ نئے نظام کے تحت اس پولیس کی طرف سے کی گئی گرفتاریوں اور تحقیقات کی مزید جانچ پڑتال کی جائے گی اور گورنر کی اجازت کے بغیر انہیں کسی کی تلاشی لینے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔
اطلاعات کے مطابق پولیس کے شاپنگ مالز کے داخلی راستوں پر کھڑے ہونے پر بھی پابندی لگا دی جائے گی۔ یہ پولیس اسلامی تعلیمات پر عمل کراتی ہے لیکن اس کی طرف سے اختیارات سے تجاوز کی شکایات بھی مل رہی تھیں۔
