
متحدہ امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لئے فلاحی خدمات انجام دینے کے سلسلہ میں سفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات جمیل احمد خان کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ یو اے ای کی تاریخ میں جمیل احمد خان پہلے سفیر ہیں جنہیں حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے صلہ میں صدارتی ایواڈ دیا ہے۔ایوارڈ ملنے کے بعد سفیر پاکستان کو مبارکبادوں کا ایک تانتا بندھ گیا ہے۔ اسی سلسلہ میں سفیر پاکستان جمیل احمد خان کو مبارکباد دپیش کرنے اور انہیں فلاحی خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے کے لئے دبئی میں ایک خصوصی تقریب ہوئی جس کا اہتمام دوبئی کے بزنس مین میاں عمر ابراھیم نے کیا جس میں پاکستانی کمیونٹی یو اے ای کے خاص خاص لوگوں میاں منیر، طارق حیسن بٹ، سکندر سلطان خواجہ ، وحید الزماں طارق، محمد عاطف ملک، میاں منیر ابراھیم ، میاں اقبال ابراھیم، عبدالوحید پال، اور قونصلیٹ آف پاکستان دوبئی کی پریس قونصلر زاہدہ پروین کے علاوہ متعدد لوگ موجود تھے۔

اس موقع پر شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان میاں عمر ابراھیم اور پاکستان ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر کونسل کے چیئرمین میاں منیر نے سفیر پاکستان جمیل احمد خان کو ان کی کمیونٹی کے لئے کی جانے والی گرانقدر خدمات پر خراج تحیسن پیش کیا اور پاکستانی کمیونٹی یو اے ای کی طرف سے ستارہ امتیاز ملنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ نجی نوعیت کی اس تقریب میں محتصر سے مشاعرہ کا بھی احتمام کیا گیا تھا جس میں ڈاکٹر ثروت زہرہ، ظہور الاسلام جاوید، ڈاکٹر صباحت عاصم واسطی،اور کینیڈا سے آئی شاعرہ ذکیہ غزل نے اپنا اپنا کلام پیش کیا۔

تقریب کے آخر میں سفیر پاکستان جمیل احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ستارہ امتیاز کا ملنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے لیکن یہ عزت مجھے یو اے ای میں بسلسلہ روزگار مقیم بارہ لاکھ پاکستانیوں کی وجہ سے ملی ہے جس پر میں تمام پاکستانیوں کا بے حد ممنون ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں بھی میں نے یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کو در پیش مسئل حل کئے ہیں اب بھی میری کوشش یہی ہوگی کہ میں یہاں پاکستانیوں کے مسئال ترجیحی بنیادوں پر حل کروں۔ آخر میں انہوں نے تقریب کے انعقاد پر میز بان میاں عمر ابراھیم کا شکریہ ادا کیا۔
تحریر: طاہر منیر طاہر
