
پاکستان : (جیو ڈیسک)ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن ندیم یوسف زئی نے کہاہے کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات عالمی سطح پر ہوں گی۔ کنٹرول ٹاورنے پائلیٹ کو لینڈنگ کی اجازت دی تھی۔آخرتک تمام معاملات درست تھے۔ندیم یوسف زئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ بھوجا ائیر کے طیارے کی تباہی تاریخ کا بڑا حادثہ ہے۔ حادثے کی تحقیقات کیلئے آزاد تحقیقاتی بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ جائے حادثہ کو سیل کرکے شواہد اکھٹا کیے جارہے ہیں۔ عالمی سطح پربھی تحقیقات کی جائیں گی۔ ڈی جی سول ایوی ایشن نے بتایاکہ طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ چھ بج کر چالیس منٹ پرمنقطع ہوا۔ کنٹرول ٹاور نے پائلٹ کو لینڈنگ کی اجازت دی تھی۔ آخری رابطے تک تمام معاملات درست تھے۔
ندیم یوسف زئی کا کہنا تھا کہ بلیک باکس کی ڈی کوڈنگ بیرون ملک کی جائے گی دیگرشواہد اکھٹا کرنے اور ان کی جانچ میں تین ماہ سے ایک سال کا وقت لگ سکتا ہے تحقیقاتی رپورٹ منظرعام پر لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بھوجا ائیرکو لواحقین کی امداد کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول ایوی ایشن سے رجسٹرڈ طیاروں کی دیکھ بھال قواعد وضوابط کے مطابق کی جاتی ہے۔ تحقیقات سے قبل قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔
