
پاکستان (جیوڈیسک)مسلم لیگ ق کے سیکریٹری جنرل مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کا اہم کردار ہے۔ قائد اعظم کے نظریے اور اصول کے مطابق تمام مذاہب کو پاکستان میں برابری کے حقوق حاصل ہیں۔ یہ بات انہوں نے راولپنڈی کے مقامی ہوٹل میں مسیح برادری کے پر فضل کلیسا پاکستان کے زیر اہتمام جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے جھنڈے میں سفید نشان نہ ہوتو پاکستان نامکمل ہے۔ عیسائی، ہندو ، سکھ اور دیگر مذاہب کو پاکستان میں مکمل حقوق حاصل ہیں۔ مشاہد حسین نے کہا کہ مسلم یا غیر مسلم ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ سندھ میں ہندو برادری کی نقل مکانی پر دلی افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور حکومت میں اقلیتوں کو مکمل نمائندگی حاصل تھی۔
تقریب سے وزیراعظم کے مشیر پال بھٹی اور دیگر مسیحی رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مسیحی برادری کی جانب سے جشن ازادی کے لیے تیار کیے گئے خصوصی ملی نغمے بھی پیش کیے گئے۔
