
برطانیہ (جیوڈیسک) برطانوی شہزادی ڈیانا کو دنیا سے رخصت ہوئے آج پندرہ برس بیت گئے لیکن انسان دوستی کے جذبات سے معمور شہزادی کی دلوں پر حکمرانی آج بھی قائم ہے۔ڈیانا نے یکم جولائی انیس سو اکسٹھ کو لندن میں ایک نواب گھرانے میں جنم لیا، وہ پانچ بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر تھیں۔ سات سال کی عمر میں ڈیانا کے والدین میں علیحدگی ہوگئی جس نے ان کی حساس طبعیت پر گہرے اثرات مرتب کئے۔ انتیس جولائی انیس سو اکیاسی کو ڈیاناکی شادی برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس سے ہوئی۔ شادی کے بعد ان کے ہاں دو بیٹوں ولیم اور ہیری نے جنم لیا۔
یہ شادی پندرہ برس قائم رہی۔ شہزادہ چارلس کی کمیلا پارکر میں دلچسپی کے باعث اٹھائیس اگست انیس سو چھیانوے کو دونوں میں علیحدگی ہو گئی۔ طلاق کے بعد شہزادی ڈیانا نے خود کو فلاحی کاموں کے لئے وقف کر دیا۔ بارودی سرنگوں کے خاتمے کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ شہزادی ڈیانا اپنے دور کی مقبول ترین شخصیت تھیں۔ دنیا بھر میں سب سے زیادہ تصاویر انہی کی اتاری گئیں۔
اپنے خوبصورت لباس ہیئراسٹائل، مسکراہٹ اور انداز گفتگو کی بدولت شہزادی ڈیانا زندگی بھر کروڑوں دلوں کی دھڑکن بنی رہیں۔ اکتیس دسمبر انیس سوستانوے کوشہزادی ڈیانا ایک ٹریفک حادثے میں دنیا سے رخصت ہو گئیں، تاہم وہ اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔
