
امریکہ : (جیو ڈیسک)کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن کو ہم سے رخصت ہوئے تین سال ہوگئے ہیں لیکن ان کے مداح انہیں آج بھی نہیں بھول پائے۔مائیکل جیکسن دو ہزار نو میں دوا” پروپوفول” کی زائد مقدار استعمال کرنے سے انتقال کر گئے تھے۔ ان کی موت کا ذمہ دار ان کے ڈاکٹر کونریڈ مرے کو قرار دیا گیا جنہوں نے مائیکل کی حلات بگڑنے پر انہیں بر وقت ہسپتال نہیں پہنچایا۔ انہیں گزشتہ برس قتل خطا کے جرم میں چار سال قید کی سزا ہوئی تھی۔
مائیکل امریکی تاریخ کے کامیاب ترین موسیقار تھے۔ ان کے اعزازات میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں ایک سے زائد اندراجات، تیرہ گریمی ایوارڈز، 13 نمبر ایک گانے اور پچھہتر کروڑ البم کی کاپیوں کی فروخت شامل ہیں۔ مائیکل کا پہلا گانا انیس سو انہتر میں چارٹس پر پہلے نمبر پر آیا جو انہوں نے اپنے بھائیوں کے ساتھ گایا۔ اس وقت ان کی عمر صرف گیارہ برس تھی۔
انیس سو بیاسی میں مائیکل نے البم تھرلر پیش کیا جس نے پاپ میوزک کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کی۔ ان کے گانے بیٹ اٹ، بلی جین، تھرلر اور “بلیک اور وائٹ” آج بھی انتہائی مقبول ہیں۔ ان کے ڈانس سٹائل “مون واک” نے دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا تھا۔
