
ایران : (جیو ڈیسک)ایران نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں امریکا کی جانب سے جدید ایف ٹوئنٹی ٹو طیاروں کی موجودگی کوئی نئی بات نہیں۔ایران کی قومی سلامتی مجلس اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے رکن حسین ابراہیمی نے کہا کہ جدید امریکی طیاروں کی متحدہ عرب امارات میں موجودگی کو سنجیدہ نہیں لیں گے۔ یہ ایران کیلئے باعث تشویش نہیں۔ ایران کو یقین ہے کہ متحدہ عرب امارات فوجی سامان تہران کے خلاف استعمال نہیں کرے گا۔
حسین ابراہیمی نے کہا کہ ایران نے عراق کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ میں اپنے دشمنوں کوشکت دی اور خطے میں برتری حاصل کی۔ ابراہیمی کاکہناتھاکہ عراق اورافغانستان میں شکست ،خراب معاشی اورسیاسی حالات امریکاکواجازت نہیں دیتے کہ وہ عرب ریاستوں کومسلح کرے جوایران کے لیے خطرہ ہو۔
امریکی ٹی وی نے دعوی کیا تھاکہ جدید ایف ٹوئنٹی طیارے متحدہ عرب امارات میں الدفرا کے ہوائی اڈے پر تعینات کردیئے گئے ہیں جو ایران سے دو سو میل سے بھی کم فاصلے پر ہے۔
