
پنجاب (جیوڈیسک) پچیس رکنی وفاقی کابینہ کے حلف اٹھانے کے بعد پہلے دن ہی بعض وزرا کی وزارتیں تبدیل کر دی گئیں۔ چوہدری نثار ، اسحاق ڈار اور احسن اقبال کو دو دو وزارتیں مل گئیں۔ پرویز رشید کو وزارت اطلاعات کا قلمدان سونپ دیا گیا۔ پچیس رکنی نو منتخب کابینہ میں پنجاب سے 19 سندھ سے 3 بلوچستان سے 2 اور خیبر پختونخوا سے ایک وزیر شامل کیا گیا ہے۔ پرویز رشید کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے ساتھ قومی ورثہ کی وزارت کا قلمدان بھی دیا گیا ہے۔
خواجہ آصف وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی، خواجہ سعد رفیق وفاقی وزیر برائے ریلوے ، شاہد خاقان عباسی وفاقی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل اور زاہد حامد کو قانون اور انصاف کے ساتھ انسانی حقوق کی وزارت کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔ چوہدری نثار کو وزارت داخلہ کے ساتھ وزارت انسداد منشیات ، احسن اقبال کو منصوبہ بندی کمیشن کے ساتھ وزارت تعلیم و تربیت جبکہ سینیٹر اسحاق ڈار کو خزانہ کے ساتھ اقتصادی امور اور نجکاری کی وزارت دی گئی ہے۔
چوہدری برجیس طاہر کو پہلے پارلیمانی امور کا وزیربنایا گیا بعد میں انہیں وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان جبکہ عبدالقادر بلوچ کو وزیر بین الصوبائی رابطہ کا قلمدان دینیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رانا تنویر کو دفاعی پیداوار اور پیر صدر الدین شاہ راشدی کو اوورسیز پاکستا نیز کی وزارت دی گئی ہے۔
غلام مرتضی جتوئی وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار ، سردار محمد یوسف وزیر مذہبی امور ، کامران مائیکل وزیر پورٹ اینڈ شپنگ اور سکندر حیات بوسن نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے وزیر مقرر کئے گئے ہیں۔
وزارت خارجہ اور وزارت دفاع کے قلمدان ابھی تک وزیراعظم کے پاس رہیں گے تاہم سرتاج عزیز، قومی سلامتی اور خارجہ امور کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر ہونگے جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ شجاعت عظیم کو ہوا بازی کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ طارق فاطمی اور سردار ثنا اللہ وزیراعظم کے معاون خصوصی مقرر کئے گئے ہیں۔
