راولپنڈی : سربراہ پاکستان سُنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری کی اپیل پر بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کیخلاف ملک گیریوم احتجاج منایا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد ملک بھرکے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ اس سلسلے میں برف خانہ چوک راولپنڈی میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت ملک عبدالرئوف اور ڈاکٹر طیب رضا قادری نے کی۔
شرکاء سے خطاب کرتے پاکستان سُنی تحریک کے رہنما ملک عبدالرئوف نے کہا کہ حکومت بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کیلئے ٹال مٹول سے کام نہ لے۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے اگر عدلیہ نے ہی تمام فیصلے کرنے ہیں توحکمرانوں کوناہلی تسلیم کرتے ہوئے مستعفی ہو جانا چاہیے۔ بجلی کی نئی قیمتوں کے تعین کیلئے دو ہفتوں کاوقت قوم سے سنگین مذاق ہے۔
حکمران اپنی ناقص حکمت عملی پر پردہ ڈالنے کیلئے عدلیہ اور قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ ڈرون حملوں، دہشتگردی، مہنگائی اوربے روزگاری کی ستائی ہوئی قوم کو ریلیف دینے کیلئے حکمرانوں کو فوری اور دوٹوک فیصلے کرنے ہوں گے۔ پاکستان سنی تحریک کینٹ کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر طیب رضا نے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے۔
کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر پانی وبجلی نرخوں میں اضافے کیلئے بے تُکی تاویلیں پیش کررہے ہیں۔ جوکہ 20 کروڑ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ اگر حکومت عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کی اہلیت نہیں رکھتی تو کم از کم نمک بھی نہ چھڑکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت وقت بجلی کی قیمت بڑھانے کی بجائے لائن لاسز کو کنٹرول کرے۔ اس موقع پرسُنی تحریک کے کارکنوں نے بجلی اور پٹرولیم کے وفاقی وزراء کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور ٹائر بھی نذرِ آتش کیے۔
