
ابو ظہبی (جیوڈیسک) آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ابو ظہبی میں ہونے والے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ شاہد آفریدی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
میچ کے لیے قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں جہاں مصباح، عمر اکمل، رضا حسن کو آرام دیا گیا ہے جبکہ وہاب ریاض انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہیں۔ ان کی جگہ عمر امین، صہیب مقصود، انور علی اور سہیل تنویر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا نے بھی تیسرے میچ کی اہمیت نہ ہونے کے سبب اپنے اہم فاسٹ باؤلر مچل جانسن اور اسپنر ناتھن لایون کو آرام دیا ہے۔ جانسن کی جگہ فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک اور لایون کی جگہ فل ہیوز کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا نے سیریز کے ابتدائی دونوں میچز جیت کر تین میچوں کی سیریز پہلے ہی اپنے نام کر لی ہے۔
