
کابل (جیوڈیسک) افغان طالبان نے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کو پولیو قطرے پلانے کے لیے مذاکرات کی دعوت دیدی، افغان طالبان نے جاری ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے اس سے پہلے بھی دبئی میں ڈبلیو ایچ او کو پولیو پروگرام کے سلسلے میں مذاکرات کی دعوت دی تھی۔
لیکن وعدے کے باوجود ڈبلیوایچ اوکی ٹیم مذاکرات کے لیے نہیں آئی،طالبان نے کہاکہ ان کے دورحکومت میں پورے افغانستان میں ویکسین پلانے پر کہیں بھی پابندی نہیں تھی تاہم طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں نے پولیو کو جاسوسی کے لیے استعمال کیا، جن کی کئی مثالیں موجود ہیں، صوبہ ہلمند میں طالبان کی جانب سے پولیو قطروں پر پابندی سے متعلق انہوں نے کہا کہ وہاں لڑائی اور جاسوسی کی کوشش ناکام بنانے کے لیے عارضی طور پر قطروں پر پابندی لگائی گئی ہے۔
بیان میں کہاگیاکہ طالبان نے اقوام متحدہ کے اداروں کو اس مسئلے پر بات چیت کی دعوت دیتے ہیں، کارکنان کو پولیو قطرے پلانے کی تربیت کی تجویز بھی دی تھی لیکن اس کو بھی قبول نہیں کیا گیا، انہوں نے کہاکہ طالبان اپنے زیر کنٹرول علاقوں میں اس شرط پر پولیو قطرے پلانے کی اجازت دیں گے اگراقوام متحدہ کے ادارے جاسوسی نہ کرنے کی ضمانت دیں۔
انہوں نے کہاکہ طالبان نے ایک مرتبہ پھر 17 جون کو دوبارہ یونیسیف کو ملاقات کی دعوت دی تھی تاہم وہ مقررہ وقت پر ملاقات کے لیے نہیں آئے ہیں، طالبان نے الزام عائد کیاکہ اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیمیں پولیو قطروں کو سیاست اور طالبان کے خلاف پروپیگنڈا کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔
