
کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے صوبے نورستان میں نیٹو کے فضائی حملے میں 5پاکستانی طالبان ہلاک جب کہ طالبان کے حملوں میں 7 افغان سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے، صوبے ننگر ہار میں ڈرون کے میزائل حملے میں 25 طالبان ہلاک ہو گئے۔
افغان انٹیلی جنس نے کابل میں کارروائی کے دوران3غیرملکیوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے3ملین یورواور ڈالرکی جعلی کرنسی برآمدکرلی۔ نیٹو فورسز نے صوبے نورستان میں فضائی حملہ کر کے 5 پاکستانی طالبان کو ہلاک کر دیا۔ مشرقی علاقوں میں دہشت گرد اکٹھے ہو کر فورسز پر حملے کر رہے تھے۔
جنوبی صوبے جاؤزجان میں پولیس چیک پوسٹ پر مسلح افراد نے حملہ کر دیا جس میں 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ مختلف علاقوں میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے کے واقعات میں 3 اہلکارمارے گئے۔
دریں اثنا دوسری طرف افغانستان میں امریکا کے نائب سفیر مک کنلے نے کہا کہ صدر باراک اوباما آئندہ سال کے اوائل میں افغان صدر اشرف غنی کے دورہ امریکا میں افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے نظام الاوقات کو طویل کرنے یا نہ کرنے بارے بات چیت کریں گے۔
