
کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت میں فوجی قافلے پر طالبان کے ریموٹ کنٹرول حملے میں 6 اہلکار ہلاک اور 6 اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہو گئے۔ افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان نیشنل آرمی کی بسیں فوجیوں کو لے کر جا رہی تھیں کہ کابل کے جنوب مشرقی علاقے میں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 6 فوجی ہلاک اور 6 اہلکاروں سمیت 12 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے ۔طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری ایک بیان میں افغان نیشنل آرمی کی بس پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ حملہ غلام فوجیوں کی بس پر کیا گیا ہے واضح رہے کہ صدر اشرف غنی کی جانب سے گزشتہ ماہ افغان صدارت کا حلف اٹھانے کے بعد سے طالبان کی جانب سے افغان پولیس اہلکاروں اور غیر ملکی فوجیوں پر حملوں میں تیزی آ گئی ہے۔
دوسری جانب افغان نیشنل سکیورٹی فورسز نے منگل کے روز بھی طالبان کیخلاف آپریشن جاری رکھا اور قندھار، زابل، ارزگان، غزنی اور پکتیا کے صوبوں میں کا رروائی کر تے ہو ئے درجنوں طالبان کو ہلاک کر دیا سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران مختلف اقسام کے ہتھیار اور بارودی مواد بھی قبضے میں لیا۔
