
نیویارک (جیوڈیسک) مصر کی ایک عدالت کی جانب سے عالمی نشریاتی ادارے الجزیرہ کے تین صحافیوں کو سزائے قید سنائے جانے کے بعد عالمی برادری کی جانب سے مصر پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
ان صحافیوں کو اخوان المسلمون کی حمایت اور غلط خبریں نشر کرنے کے الزامات کے تحت سزا سنائی گئی تھی۔ دنیا بھر میں صحافتی آزادی کی تنظیموں کی جانب سے سزا پر شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ امریکہ، آسٹریلیا، نیدرلینڈز اور برطانیہ کی حکومتوں نے مصر کے سفیروں کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلہ انصاف کے بنیادی اصولوں کی نفی کرتا ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری جنرل بان کی مون نے صحافیوں اور اخوان المسلمون کے کارکنوں کو دی جانیوالی سزاؤں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔مصرنے عدالتی فیصلے کا دفاع کیا ہے اور غیر ملکی ردعمل کو داخلی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
