اسلام آباد: نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب و سابق ممبر قومی اسمبلی میان محمد اسلم نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ حضور نبی کریم سے اپنی محبت کی تجدید کا پیغام دیتا ہے، آج جب کہ پوری دنیا کی طاغوتی اور سامراجی قوتیں متحد ہو کر مسلمانوں کے وجود کو مٹانے اور اسلام کے حقیقی پیغام اور تشخص کو مسخ کرنے کے لیے سرگرم عمل ہو گئی ہیں ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم خود بھی اسوہ رسول پر عمل کریں اور پوری دنیا میں بھی تعلیماتِ نبوی کو عام کرنے کی کوشش کریں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے الفلاح ہال اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل خالد فاروق نے بھی خطاب کیا۔
میاں محمد اسلم نے کہا آج اگر مسلمان ذلت اور پستی کا شکار ہیں اور ہر جگہ پس رہے ہیں تو اس کی بنیادی وجہ بھی یہی ہے کہ ہم نے بحیثیت مجموعی تعلیمات نبوی کو پس پشت ڈال دیا ہے۔
