
الجزائر شہر (جیوڈیسک) پانچ ماہ قبل لاپتہ ہونے والے ملائیشین طیارے کی تلاش ابھی جاری ہی تھی کہ الجزائز کا ایک مسافر طیارہ بھی لاپتہ ہو گیا جس میں عملے کے 6 ارکان سمیت 104 مسافر سوار تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق الجزائر کی قومی ایئر لائن کی پرواز اے ایچ 5017 نے بورکینا فاسو کے دارالحکومت واگا ڈوگو سے دارالحکومت الجیئرز کے لیے اڑان بھری لیکن 50 منٹ کے بعد ہی اس کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہو گیا۔ طیارے میں عملے کے 6 ارکان سمیت 110 افراد سوار تھے جب کہ طیارے میں کل 138 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔
الجزائر کے حکام نے طیارے کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے سے آخری بار رابطہ گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق ایک بج کر 55 منٹ پر ہوا تھا۔ الجزائز کی قومی ایئر لائن کے حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کی تلاش کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مارچ میں ملائیشین ایئر لائن کا طیارہ ایم ایچ 370 بھی عملے کے 11 ارکان سمیت 239 مسافروں کے ہمراہ لاپتہ ہو گیا تھا جس کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے جب کہ مارچ 2003 میں الجزائر کا بوئنگ 737 طیارہ دارالحکومت کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں سوار 102 افراد ہلاک اور خوش قسمتی سے ایک شخص بچ گیا تھا۔
