کراچی: بابل اسپورٹس فٹ بال کلب لانڈھی کے زیر اہتمام ڈاکٹر محمد علی شاہ فٹ بال اسٹیڈیم لانڈھی میں منعقدہ آل کراچی فیصل انوٹیشن ٹورنامنٹ کا ٹائٹل شہر کراچی کی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل رئیس برادرز نے اپنے نام کرلیا ۔فائنل میچ میں رئیس برادرز نے تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم اولڈ فائٹر فٹ بال کلب کو 1-0سے شکست دے دی ۔کھیل کے پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا تاہم دوسرے ہاف میں فاتح ٹیم کے محمد رئیس نے خوبصورت اور فیصلہ کن گول کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ۔ٹورنامنٹ کے اختتام پر آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے تقسیم انعامات کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی حق پرست رکن قومی اسمبلی آصف حسنین نے کہاکہ حق پرست قیاد ت شہر کی ترقی اور عوامی خدمت کے ساتھ کھیل کے میدانوں کو بھی آباد کررہی ہے کیونکہ کھیل کے میدانوں کو آباد کرکے ہی صحت مند زندگی کو فروغ دیا جاسکتا ہے رکن قومی اسمبلی آصف حسنین نے ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کو آل کراچی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ اور اپنی جانب سے کھیل کے ہر شعبے کے ساتھ فٹ بال کے کھیل کے فروغ اور سرپرستی کا یقینی دلا یا انہوں نے کہاکہ فٹ بال سمیت صحت مند سرگرمیوں کی طرف نوجوانوں کو راغب کرکے انہیں برائیوں سے دور رکھا جاسکتا ہے آصف حسنین نے کہاکہ کرکٹ کے قومی ایونٹ کی طرح قومی سطح پر فٹ بال ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی آصف حسنین نے آل کراچی فیصل انوٹیشن فٹ بال ٹورنامنٹ کی فاتح رئیس برادرز اور رنر اَپ اولڈ فائٹر کے کپتانوں کو ٹرافی پیش کی اس موقع پر قمر یار خان ،ڈاکٹر محمد شریف ،عبدالواحد ،محمد صدیق دوبئی والے،و دیگر فٹ بال سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھے ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں ریفری کے فرائض نور الحق ،عبداللہ اور مفیس نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر ایچ ایم حنیف تھے۔
