کراچی : کورنگی یونین فٹ بال کلب کے زیر اہتمام ناصر اسپورٹس فٹ بال گرائونڈ پر جاری آل کراچی محمد عرفان شہید میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچوں میں ملیر اسٹوڈنٹس، کالونی محمڈن اور ساحل محمڈن نے اپنے مد مقابل ٹیموں کو شکست دے کر اگلے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا، تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ملیر اسٹوڈنٹس نے اپنے مد مقابل میزبان ٹیم کورنگی یونین فٹ بال کلب کو 2-1 سے زیر کردیا فاتح ٹیم کی جانب سے شمیر اور سعد نے خوبصورت گول اسکور کئے جبکہ میزبان ٹیم کی جانب سے واحد گول جنید نے کیا۔
جبکہ دوسرے میچ میں کالونی محمڈن شاہ فیصل ٹائون نے ٹورنامنٹ کی مضبوط حریف کیمرون محمڈن کو کانٹے دار مقابلے کے بعد 1-0سے شکست دید ی کالونی محمڈن کی جانب سے فیصلہ کن گول غنیمت خان نے اسکور کیا، ٹورنامنٹ کے تیسرے اور اہم میچ میں ساحل محمڈن نے اپنے مد مقابل الواجد اسپورٹس کو 1-0 سے شکست دیکر اگلے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
ساحل محمڈن کی جانب سے فیصلہ کن گول نوالامین نے کیا جبکہ کوشش کے باوجود الواحد اسپورٹس گول کا قرض اةتارنے میں ناکام رہے۔ ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے ان میچوں میں ریفری کے فرائض نیشنل ریفری ندیم انصاری، عبدالواحد اور اویس نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر کے فرائض نصیر الدین نے انجام دیئے۔
