
کراچی : آل پاکستان مسلم لیگ نے آج یعنی 11 مئی بروزاتوار کو علامہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں ہونے والے عوامی احتجاج کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کے تمام شہروں میں موجوداے پی ایم ایل کارکنان کو ”عوامی احتجاج ”میں بھرپور شرکت کے ذریعے اسے کامیاب بنانے کی ہدایت کی ہے۔
آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اے پی ایم ایل کے سینئر رہنما شاہد قریشی نے کہا ہے کہ 11 مئی کو ہونے والے انتخابات مکمل طور پر غیر آئینی تھے کیونکہ سابق چیف جسٹس اور الیکشن کمیشن نے ایک جانب مقدمات کا بہانہ بناکرمشرف کوانتخاب لڑنے سے روکااورانہیں کسی بھی حلقے سے انتخاب لڑنے کی اجازت نہیں دی تو دوسری جانب کرپشن ‘قومی وسائل کی لوٹ مار ‘ ملک سے غداری ‘ افواج پاکستان کیخلاف سازش جیسے سنگین مقدمات میں ملوث موجودہ حکمرانوں اور ثابت شدہ وفوج دشمن عناصر کودھاندلی کے ذریعے کئی کئی نشستوں پر بیک وقت کامیابی کے دانستہ مواقع فراہم کرکے نہ صرف آئین کے آرٹیکل 62 اور63 کو پامال کیا بلکہ مفادات کے تحفظ کیلئے منظور نظر افراد کو اقتدار میں لانے اور عوامی مینڈیٹ چرانے میںبھی بھرپور کردار ادا کیا۔
اسلئے نہ صرف سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور الیکشن کمشنرفخرالدین جی ابراہیم پر آئین کی پامالی ‘اختیارات کے ناجائز استعمال اورمفادات کے تحت قوانین کی تشریح و تعبیرکے جرم میں جبکہ موجودہ حکمرانوں پر بھی جمہوریت کے تحفظ کے ذمہ دار الیکشن کمیشن و عدلیہ میں کرپشن و مفادات کی روایت پروان چڑھانے پر غداری کا مقدمہ چلایا جانا چاہئے جبکہ طاہر حسین نے کہا ہے کہ آئین کی پامالی کے ذریعے وجود میں آنے والی حکومت کسی طور جمہوری نہیں ہو سکتی۔
اسلئے جمہوریت ‘ فوج ‘ عوام اور نظام دشمن حکومت کی رخصتی اور حقیقی جمہوریت کی بحالی و عوام کے حق جمہوریت کے تحفظ کیلئے ہر محب وطن کو ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دینا چاہئے۔
