
واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ایبٹ آباد آپریشن کے 11 روز بعد اسامہ بن لادن کے مرنے کی تصاویر ضائع کر دی گئی تھیں۔
یہ انکشاف اس وقت ہوا جب سی آئی اے سے آپریشن کی تصاویر مانگی گئیں، فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ کے تحت کئے گئے مطالبے پر بتایا گیا کہ تمام تصاویر ضائع کی جا چکی ہیں۔
ایبٹ آباد آپریشن کے سربراہ ولیم میک ریون کا کہنا ہے کہ اب سی آئی اے کے پاس اسامہ کی ہلاکت کے متعلق کوئی تصویری ثبوت موجود نہیں ہے۔
واضح رہے کہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے 2 مئی 2011 کو پاکستان میں آپریشن کرتے ہوئے القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کو مار دیا تھا اور اس کی لاش ساتھ لے جانے کے بعد سمندر برد کر دی تھی۔
