
لاہور (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ انتشار پھیلانے والوں کا ایجنڈہ کبھی کامیاب نہیں ہو گا ، پیپلز پارٹی آئین ، جمہوریت اور جمہوری اداروں کی بالادستی پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
بلاول ہائوس لاہور میں آصف علی زرداری کی صدارت میں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کا اجلاس ہوا جس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ، پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے عہدے داروں اور ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملتان میں ہونے والے ضمنی انتخابات اور ملکی سیاسی صورتحال زیر بحث آئی۔ اجلاس سے خطاب میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ انتشار پھیلانے والوں کا ایجنڈہ کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ پیپلز پارٹی آئین کی خالق جماعت ہے۔
وہ آئین کا تحفظ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ، جمہوری اداروں کے خلاف کوئی سازش برداشت نہیں کی جائے گی۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ وہ لاہور تک محدود نہیں رہیں گے۔ پورے پنجاب میں پارٹی کو فعال بنانے کے لیے دورے کریں گے۔
