
واشنگٹن (جیوڈیسک) شام کے قومی اپوزیشن اتحاد کے رہنما احمد الجربا نے امریکی صدر باراک اوباما سے اہم ملاقات کی۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ الجربا اور صدر اوباما کے درمیان طویل ملاقات ہوئی تاہم بیان میں ایسا کوئی اشارہ نہیں دیا گیا کہ امریکہ شامی اپوزیشن کو ہتھیار دیگا یا نہیں۔ وائٹ ہاؤس کے ذرائع نے اس ملاقات کو ’’نتیجہ خیز‘‘ قرار دیا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر اوباما اور قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس نے کہا کہ صدر بشار الاسد اقتدار کا حق کھو چکے ہیں، شام کے مستقبل میں ان کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔
صدر اوباما نے شامی اپوزیشن کے کردار کی تعریف کی اور ساتھ ہی الجربا پر زور دیا کہ وہ کسی ایک طبقے کے بجائے تمام شامی شہریوں کی نمائندہ حکومت کی تشکیل کی کوشش کریں۔ دوسری جانب اندرون ملک بے گھر ہونیوالے افراد کی عالم تنظیم آئی ڈی ایم سی نے کہا ہے کہ شام میں خانہ جنگی کے باعث ہر ایک منٹ بعد ایک گھرانہ نقل مکانی کر رہا ہے جبکہ گزشتہ برس دنیا بھر میں تین کروڑ 33 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ شامی مبصر گروپ کے مطابق شام میں رواں سال اب تک 850 قیدی دوران حراست تشدد کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔
