
آواران (جیوڈیسک) زلزلہ سے متاثرہ آواران میں ابھی تک متاثرین کیلئے خیمہ بستی نہیں بن سکی، لوگ اپنے اجڑے آشیانے کے قریب ہی عارضی گھر بنائے رہ رہے ہیں۔ متاثرین کے پاس مناسب امداد بھی نہیں پہنچ پارہی ہے۔ آواران میں زلزلہ آئے آج دسواں روز ہے۔
تباہ کن زلزلہ سے پل بھر میں سیکڑوں قیمتی جانیں لقمہ اجل بنیں تو مکانوں کے درو دیوار تک زمین بوس ہو گئے۔ پیاس بجھانے کے لیے نہ تو صاف پانی دستیاب ہے اور نہ ہی بھوک مٹانے کے لیے مناسب خوراک۔ خیمہ بستیاں بھی نہیں بن سکیں۔ متا ثرین زلزلہ زدہ گان اپنی مدد آپ کے تحت منوں مٹی تلے اپنی جمع پونجی تلاش کرنے اور ملبے ہٹانے میں دن رات مصروف دکھائی دیتے ہیں۔
متاثرین اپنے پیاروں کے بچھڑنے کا غم زلزلہ کے خوف اور خوراک و ادویات کی کمی اور سر چھپانے کی سہولت نہ ہونے جیسے مسائل و مشکلات کا شکار ہیں۔ دوسری جانب حکومتی اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں بھی سست رفتاری سے جاری ہیں۔
