
فلوریڈا (جیوڈیسک) بالی وڈ کی دنیا کا سب سے بڑا میلہ آئیفا ایوارڈز اس سال امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحلی علاقے ٹامپابے میں سجا۔ تقریب کا آغاز بحری قزاقوں سے سجے جہاز کی آمد سے ہوا۔ جہاز کے کپتان اداکار شاہد کپور اور فرحان اختر تھے جنہوں نے قزاقوں کا روپ دھار رکھا تھا۔
رنگ و روشنیوں سے سجی تقریب میں ادکاراہ پریانکا چوپڑا، سوناکشی سنہا، دپیکا، سیف، بیبو، انیل کپور، ہریتک روشن سمیت بالی وڈ کے نامور ستاروں نے شرکت کی۔ بلاک بسٹر ہیروئن دپیکا پڈکون نے سال کی بہترین انٹرٹینر کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ چنائی ایکسپریس میں جاندار اداکاری پر بھی دپیکا کو آئیفا ایوارڈ دیا گیا۔
بھاگ ملکھا بھاگ نے بہترین فلم کا جبکہ اس کے ہیرو فرحان اختر نے بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتا۔ بہترین موسیقی کا آئیفا ایوارڈ عاشقی ٹو کے نام کیا گیا۔ دیسی گرل پریانکا چوپڑا کی خوبصورت پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔ اداکار شتروگھن سنہا کو لائف ٹائم ایکچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ کئی ہالی وڈ سٹارز بھی آئیفا ایوارڈ کی تقریب میں جلوہ گر ہوئے۔
