
کوئٹہ(جیو ڈیسک) کوئٹہ بلوچستان کے ضلع بارکھان اور مستونگ میں دو گرلز پرائمری اور ایک ہائی اسکول پر بم اور راکٹ حملے کیے گئے،تاہم حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ابتدائی معلومات کے مطابق ان چاروں مقامات کو آئندہ انتخابات کے لئے پولنگ اسٹیشن مقرر کیاگیا تھا۔
لیویزذرائع کے مطابق ضلع بارکھان کے علاقے نہڑ گوٹھ میں نامعلوم افراد نے کچھ فاصلے پر واقع دو گرلزپرائمری اسکولوں اور ایک بنیادی صحت کے مرکز کے قریب دھماکہ خیز مواد نصب کیاتھا جو کہ زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے،تاہم ان میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب مستونگ میں نامعلوم افراد نے اسپلنجی کے علاقے میں سرکاری ہائی اسکول کے قریب دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا جو کہ زور دار دھماکے سے پھٹ گیا اس دوران ایک راکٹ بھی فائر کیاگیا،تاہم دھماکے اور راکٹ فائرنگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔،واقعات کی تحقیقات جاری ہیں۔
