کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ شہر کراچی میں نکاسی آب کے نظام کی بہتری پر توجہ نہ دی گئی تو متوقع برسات میں کراچی ڈوبنے کا خطرہ ہے ،سانحات سے بچنے کے لئے انتظار کئے بغیر شہر میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے، شہری بلدیاتی سہولیات کی فراہمی سمیت پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے مسائل سے دوچار ہیں ہنگامی بنیادوں پر برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کو یقینی اور گلیوں و محلوں کی سطح پر عوامی مسائل کو حل کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی میں فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے عوامی مسائل کے معائنے کے لئے مختلف علاقوںکا تفصیلی دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کی ابتر صورتحال کے حوالے سے عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بلدیاتی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کے ہمراہ مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے عوام سے مسائل سننے کے بعد متعلقہ افسران کو فوری طور پر عوامی شکایات کے ازالے کی ہدایت کی انہوں نے شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مقامی افسران کو ہدایت کی کہ متوقع برسات سے قبل شاہ فیصل کالونی کے تمام علاقوں میں برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کو یقینی بنا ئیں تاکہ برسات کے دوران نکاسی آب کو بہتر اور عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔
اس موقع پر عوامی شکایات پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو ہدایت کی کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی ہر گھر میں فراہمی کو یقینی بنا ئی جائے ،پینے کے پانی کی تعطل اور پانی کے حوالے سے شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ علاقائی سروے کرکے پانی کی لائنوں کی لیکجز اور سیوریج لائنوں کے اوور فلو کی شکایات سے عوام کو چھٹکارہ دلا ئیں اس موقع پر انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ غیر قانونی فراہمی و نکاسی آب کی لائنوں کے حصول سے اجتناب کریں تاکہ بغیر کسی تعطل کے مسائل حل کئے جا سکیں۔
