
بھکر میں دو روزہ کشیدگی کے بعد حالات معمول پر آنا شروع ہو گئے، دکانیں کھل گئیں۔ رینجرز کا گشت جاری ہے۔ کوٹلہ جام سے مزید تین لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ جمعہ سے جاری کشیدگی میں کمی کے بعد شہر کے حالات نارمل ہو رہے ہیں۔ بازار اور مارکیٹیں کھل گئی ہیں۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس اور رینجرز کا گشت مسلسل جاری ہے۔ دوسری جانب دو گروپوں کے تصادم میں لاپتہ ہونے والے پندرہ میں سے تین افراد کی لاشیں ملنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد پندرہ ہوگئی ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں افراد کی لاشیں کوٹلہ جام میں ڈیرہ اسماعیل خان روڈ سے ملیں۔
سرچ آپریشن کے دوران حراست میں لئے گئے انتیس افراد میں سانحہ کے پندرہ نامزد ملزم بھی شامل ہیں۔ ادھر مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام خواتین نے قومی شاہراہ پر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پولیس اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔
