بھمبر( ڈسٹرکٹ رپورٹر) بھمبرکے نواحی گاؤں ڈھوک چاچاں میں غریب محنت کش کے گھر رات کی تاریکی میں کلاشنکوفوں کی اندھا دھند فائرنگ پورا گھر گولیوں سے چھلنی گھر میں موجود افراد معجزانہ طور ہر بچ گئے شدید فائرنگ سے پورے علاقے میں خوف و ہراس تفصیلات کیمطابق بھمبر کے نواحی گاؤں ڈھوک چاچاں میں گزشتہ روز رات کی تاریکی میں غریب محنت کش محمد بوٹا کے گھر کلاشنکوفوں کی اندھا دھند فائرنگ فائرنگ سے پورا گھر چھلنی ہو گیا۔
جبکہ گھر میں موجود افراد معجزانہ طور بچ گئے فائرنگ انتہائی شدید تھی کہ اس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا غریب محنت کش کی بیوی شمیم اختر نے ایس ایس پی بھمبر کے آفس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میرے مخالفین نے ہمارا جینا حرام کر رکھا ہے گزشتہ رات انہوں نے ہمارے اوپر اندھا دھند فائرنگ کر کے ہمارے پورے خاندان کو جان سے مارنے کی پوری کوشش کی لیکن مارنے والے سے بچانے والی ذات بڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین نے گاؤں سے باہر نکلنے والے تمام راستوں پر مسلح افراد بٹھا رکھے ہیں میرا خاوند گھر میں محبوس ہے جبکہ پولیس بھی ہماری کوئی مدد نہیں کررہی اور نہ ہی واقعہ کا پر چہ درج کررہی ہے انہوں نے آئی جی آزاد کشمیر اور چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے اور گھر کے اوپر فائرنگ کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
