
لاہور (جیوڈیسک) آئی سی سی بگ تھری منصوبے کے بارے میں مشکل فیصلوں کیلیے پاکستان کرکٹ کے بڑے آج سرجوڑ کر بیٹھیں گے، گورننگ بورڈ کے اجلاس میں آئندہ کیلیے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔
ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی 20 چیمپئن شپ کیلیے قومی ٹیم کو بنگلہ دیش بھجوانے کا معاملہ زیر بحث آئے گا، نئے چیف سلیکٹر اور کمیٹی کے دیگر اراکین کے ناموں پر غور ہو گا، کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ اور تنخواہوں پر بات چیت متوقع، ملازمین کے معاہدوں میں توسیع کی منظوری لی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے گورننگ بورڈ کا اجلاس پیر کو لاہور میں ہوگا۔
چیئرمین ذکا اشرف کی سربراہی میں ہونے والی میٹنگ کیلیے محمد شکیل شیخ، محمد رفیق بھوگیو، قیصرخان جمالی، محمد ہارون رشید، اقبال قاسم، مسعود انور حمید، کموڈور(ر) مرزا راشد حسین، ڈاکٹرجواد ساجد خان، امتیاز احمد، وجاہت اللہ واسطی، یوسف نسیم کھوکھر، امان عزیز صدیقی اور سبحان احمد کو مدعو کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق دوپہر 12بجے مختلف ریجنز کے نمائندے قذافی اسٹیڈیم میں چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کرینگے
بعد ازاں گورننگ بورڈ کے اراکین مستقبل کے بارے میں اہم فیصلے کرنے کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔ اس موقع پر آئی سی سی کے انتظامی امور کرکٹ کے 3 بڑوں بھارت، انگلینڈ اورآسٹریلیا کو سونپے جانے کے بارے میں پاکستان کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
