
ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکارہ اور ماڈل روینا ٹنڈن آج اپنی انتالیسویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ روینا ٹنڈن 26 اکتوبر 1976 کو ممبئی میں بھارتی فلمساز روی ٹنڈن کے گھر پیدا ہوئیں۔ روینا نے 1991 میں فلم “پتھر کے پھول” سے بھارتی فلم نگری میں قدم رکھا اور پہلی ہی فلم میں بہترین اداکاری پر فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیا۔ اس فلم نے روینا کے لئے شہرت کے دروازے کھول دیئے۔
روینا کی مشہور فلموں میں “مہرہ، کھلاڑیوں کا کھلاڑی، ضدی، عکس، ستا، اناڑی نمبر ون، لاڈلہ اور دامن” قابل ذکر ہیں۔ فلم “مہرہ” نے رویناکو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ روینا ہندی کے ساتھ تامل اور تلگو فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
روینا ٹنڈن بالی وڈ فلم “بمبے ویلوٹ” کے ذریعے ایک بار پھر فلم نگری میں واپسی کی تیاریاں کر رہی ہیں۔ “بمبے ویلوٹ” اگلیسال دسمبرمیں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
