
لندن (جیوڈیسک) برطانیہ میں پلاسٹک سرجنوں کی تنظیم ،”جرنل آف ایستھیٹک نرسنگ“ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ 25 سال سے کم عمر کے افراد میں جھریاں ختم کرنے کے لیے استعمال ہونے والے بوٹوکس انجکشن لگانے کا رواج بڑھ رہا ہے۔
تاہم تحقیق کاروں کے مطابق یہ منجمد چہرے نوجوان افراد کو جذبات کے مکمل اظہار سے روک سکتے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بھی کہا گیا ہے کہ نوجوانوں کو کاسمیٹک وجوہات کی بنا پر بوٹوکس کے انجکشن لگانا اخلاقی طور پر غلط ہے۔
بطور انسان احساسات کو ظاہر کرنے کا بہت حد تک دارومدار چہرے کے تاثرات پر ہوتا ہے۔ مگر نوجوان افراد کی بے تاثر چہروں والی بڑھتی ہوئی نسل ممکنہ طور پر تاثرات کے صحیح اظہار سے قاصر ہے۔ اگر آپ یہ تاثرات ختم کر دیں گے تو ان کی جذباتی اور سماجی نشوونما رک سکتی ہے۔
ہم جن جذبات کا تاثرات سے اظہار کرتے ہیں انھیں جذبات کو ہم محسوس کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر ہم مسکرااتے ہیں اگر خوش ہوتے ہیں لیکن مسکرانا بھی ہمیں خوش کرتا ہے۔ بوٹوکس کے استعمال سے لوگ مخصوص تاثرات کے اظہار سے قاصر رہ جاتے ہیں جس سے ان کی شخصیت کے جذباتی پہلو پر اثر پڑ سکتا ہے۔
