
نیویارک (جیوڈیسک) امریکی ریاست کیلی فورنیا میں طوفانی بارشوں اورتیز ہواوٴں نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں برف کے طوفان نے زندگی پرجمود طاری ہو گیا۔ امریکی ریاست کیلی فورنیا شدید طوفانی بارشوں اور تیز ہواوٴں کی لپیٹ میں ہے۔ سان فرانسسکو میں بارش سے کئی سڑکیں اورانٹر چینجز زیرآب آ گئے ہیں جبکہ ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔
سٹی بس سروس اور فیری سروس معطل کر دی گئی اور اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔ سان فرانسسکو ایئرپورٹ سے 240پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ ریاست اوریگن اور واشنگٹن میں بھی خراب موسم کی وجہ سے ہزاروں شہری مشکلات کا شکار ہیں۔
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں برفانی طوفان نے ہر شے کو برف سے ڈھک دیا ہے۔ سڑکوں پر متعدد حادثات پیش آئے جن میں کئی افراد معمولی زخمی ہوئے۔ ٹورنٹو ایئرپورٹ سے 4سو سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
