لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شورکوٹ میں 8جنوری سے 11 جنوری تک خصوصی انسداد پولیو مہم کی نگرانی کے لئے محکمہ صحت کے افسران اور عالمی ادارہ صحت’ یونیسیف اور ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو مہم کی نگرانی کے لئے ٹوبہ ٹیک سنگھ پہنچ چکی ہے۔
یہ بات سپیشل سیکرٹری صحت پنجاب بابر حیات تارز نے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ مشترکہ مانیٹرنگ ٹیم میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر نذیر حسین’ عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر عابدی ناصر’ یونیسیف کے نمائندے ڈاکٹر رانا مشتاق’ ڈاکٹر احسان’ ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے ڈاکٹر اسلم چوہدری اور دیگر افسران و اہلکار شامل ہیں۔ بابر حیات تارڑ نے کہا کہ ایک ہی ضلع سے پولیو کے 3کیس رپورٹ ہونا متعلقہ افسران و اہلکاران کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
سپیشل سیکرٹری صحت نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ صوبے میں پولیو وائرس کا خاتمہ حکومت کی پہلی ترجیح اور اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلہ میں زیرو ٹالرنس (Zerotolerance) کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں کسی افسر یا اہلکار کی خراب کارکردگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی مانیٹرنگ ٹیم نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پولیو مہم کے ایکشن پلان اور مائیکرو پلاننگ کی بھی پڑتال کی ہے اور اس سلسلہ میں ڈی سی او ڈاکٹر فرح مسعود کو بھی آن بورڈ لیا ہے۔سپیشل سیکرٹری صحت نے مزید کہا کہ 8 جنوری سے 11 جنوری تک ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شورکوٹ میں 6لاکھ 10ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ بعد ازاں 18 سے20 جنوری تک پورے صوبے میں قومی انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔
