
نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت اور چین نے 12 معاہدوں پر دستخط کئے ہیں جن میں سے ایک معاہدے کے تحت چین اگلے پانچ سالوں میں بھارت میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
سرمایہ کاری کے منصوبے میں چین بھارت کے پرانے ریلوے نظام کو تیز رفتار ٹرین سسٹم کے ساتھ جدید اور بہتر بنانے میں مدد کرے گا۔ اس کے علاوہ چین بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں بھی سرمایہ کاری کرے گا۔ بھارت کے دورے پر آئے ہوئے چینی صدر ژی جی پنگ نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی سے ملاقات کی ہے جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ ترقی کے لئے سرحد پر امن بہت اہم ہے۔
چین بھارت کا اہم اقتصادی شراکت دار ہے لیکن دونوں ملک خطے میں اثر و رسوخ اور سرحد پر تنازع میں الجھے رہتے ہیں۔ اس موقع پر چینی صدر نے اعلان کیا کہ ان کا ملک بھارت میں چینی زبان کے ڈیڑھ ہزار اساتذہ کو تربیت کرے گا اور پانچ سو چینی اساتذہ کو بھارت بھیجے گا۔
