
کولمبیا (جیوڈیسک) کولمبیا میں طیارے کے حادثے کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
دو انجنوں والے امریکی ساختہ طیارے میں عملے کے دو افراد اور آٹھ مسافر سوار تھے، اور یہ دارالحکومت بگوٹا سے سیاحتی مقام “باہیا سولانو” جارہا تھا۔
سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ طیارے نے حادثے سے چند منٹ قبل ہی مکینکل خرابی کی نشاندہی کی تھی اور وسطی صوبے کے علاقے “ٹولیما” کے ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی اور اس میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے۔
ایوی ایشن حکام نے حادثے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
