
لاہور : سربراہ تحریک صراط مستقیم پاکستان و تحریک رہائی ممتاز حسین قادری ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے اپنے بیان میں کہا کہ 22 جون کی کانفرنس غازی ممتاز حسین قادری کی رہائی کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کرے گی۔ تنظیمات اہلسنت کے اجلاس میں 22 جون کی کانفرنس کو کامیاب اور موثر بنانے کی حکمت عملی طے کر لی گئی ہے۔
اس سلسلہ میں ملک بھر میں طوفانی دورے شروع کر دیئے گئے ہیں اور عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تنظیمات سے رابطوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ غازی ممتاز حسین قادری فرد واحد کا نام نہیں ،ممتاز حسین قادری تو کروڑوں مسلمانوں کے ہیرو ہیں غازی علم الدین شہید کے کردار سے قیام پاکستان کی راہ ہموار ہوئی تھی ،غازی ممتاز حسین قادری کا کردار استحکام پاکستان اور اس میں نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نفاذ کے لئے سنگ میل ثابت ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگر 22 جون کی غازی ممتاز حسین قادری رہائی کانفرنس کو روکنے کی کوشش کی تو اسلام آباد کے ہر چوراہے کو جلسہ گاہ بنا دیں گے۔
