
ماسکو (جیوڈیسک) کمپیوٹرز سے خفیہ معلومات چوری ہونے کا ڈر، روس نے کمپیوٹرز سے خفیہ معلومات چوری ہونے کے ڈر سے دستاویزات تیار کرنے کیلیے ٹائپ رائٹر استعمال کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ وکی لیکس کے انکشافات اور امریکی جاسوسی کا بھانڈا پھوڑنے والے ایڈورڈ اسنوڈن نے دنیا میں جو تہلکہ مچایا اس کی ایک مثال روس میں سامنے آئی ہے۔
جہاں جدید کمپیوٹرز کو چھوڑ کر ماضی میں استعمال ہونے والے ٹائپ رائٹرز کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹاپ سیکرٹ دستاویزات کی تیاری کے لیے کمپیوٹر غیر محفوظ ہونے کی وجہ سے الیکٹرک ٹائپ رائٹرز خریدے جارہے ہیں، جو نہ صرف نیٹ ورک سے جدا ہوتے ہیں۔
بلکہ ان کا انداز تحریر منفرد ہونے کی وجہ سے تحریر کیلیے استعمال کی جانے والی مشین کا پتہ بھی لگایا جاسکتا ہے، نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے ملازم ایڈورڈ اسنوڈن نے امریکا میں فون ٹیپنگ اور یورپ، برطانیہ اور پاکستان سمیت کئی ممالک کے خفیہ رابطوں کی نگرانی کا انکشاف کیا تھا، جس پر ان ممالک نے امریکا سے وضاحت مانگی ہے۔
