
اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک میں سیاسی ہلچل زورو شور پر ہے ، لانگ مارچوں کے شروع ہونے میں تو ابھی وقت ہے لیکن لانگ کالیں اپنے پورے جوبن پر ہیں ، وزیر اعظم نے آصف زرداری کو فون کیا ، زرداری نے عمران خان اور سراج الحق سے رابطہ کیا۔
اور رحمان ملک اور شیخ رشید نے الطاف حسین سے بات چیت کی۔ آج کل ملکی سیاست میں ہر طرف جور توڑ کی کوشش جاری ہے ، کپتان کی سونامی اسلام آباد جانے کو پر تول رہی ہے ، آج تو عمران خان نے کہہ ڈالا وزیراعظم استعفیٰ دیں اور انتخابات کرائیں ، طاہر القادری کا انقلاب بھی کسی سے کم ہے کیا۔
ان دونوں کی حکومت مخالف سیاست پچھلے کئی دن سے جاری ہے ، آخر کب تک حکومت چپ سادھے رہتی ، وزیر اعظم نواز شریف نے موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کے لیے سابق صدر آصف زرداری کو فون گھما ڈالا۔ زرداری صاحب حکومت کی مدد پر کمر بستہ تھے۔
تبھی تو رابطہ کیا عمران خان اور سراج الحق سے ،حکومتی مہرے بھی خوب چالیں چل رہے ہیں ،خواجہ سعد رفیق نے گفتگو کی سراج الحق سے ، ادھر شیخ رشید احمد اور رحمان ملک نے بات چیت کی الطاف حسین سے ، اتنا سب کچھ ہورہا ہو تو بھلا اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کیوں چپکے بیٹھے رہیں۔
بولے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے ملاقات کروں گا ، ذرائع کے مطابق خورشید شاہ کی عمران خان سے بھی ملاقات متو قع ہے ، تلخ و شیریں یادوں کو پس پشت ڈال کر مسلم لیگ ن نے ایم کیوایم کو ملاقات کی دعوت ڈالی۔
