لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ نصاب کو قومی یک جہتی اور نظریہ پاکستان کے مطابق ترتیب دیا جائے، نصاب سازی کا اختیار صوبوں کو دینے سے نظام تعلیم تجربات کی بھینٹ چڑھا دیا گیا چالیس سے زائد نظام ہائے تعلیم نے قومی یک جہتی کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سالانہ منصوبہ عمل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ ایک زبان ایک نظام ایک نصاب ہی ملکی ترقی اورقومی وحدت کا ذریعہ ہے۔
پاکستان میں طلبہ پر تجربات کرکے جہالت کو فروغ دیا جا رہا ہے، اسلامی جمعیت طلبہ امسال نصاب کا تنقیدی جائزہ لے کر حکومت کو بھیجے گی۔ جس میں نصاب کی بہتری کے لئے تجاویز بھی شامل ہوں گی۔ واضح رہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ کی منصوبہ عمل کمیٹی اس سلسلے میں ماہرین تعلیم اورسول سوسائٹی کے اہم افراد سے ملاقاتیں کر رہی ہے ان ملاقاتوں میں ملنے والی تجاویزکا جائزہ مارچ کے آخر میں مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں لیا جائے گا۔
