
لاہور (جیوڈیسک) شہر میں عید، ٹرو اور مرو کو پتنگ بازی اور ون ویلنگ جاری رہی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ شہری چھتوں پر پتنگ بازی کرتے ہوئے بو کاٹا کے نعروں اور باربی کیو سے لطف اندوز ہوتے رہے جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ بتایا جاتا ہے کہ اندون شہر، شاہدرہ سرکل، سمن آباد، راوی روڈ، شادباغ، بادامی باغ، نواں کوٹ و دیگر جگہوں پر پتنگ بازی ہوئی۔ راوی روڈ، سمن آباد اور اندرون شہر میں پتنگ بازی کے دوران تین بچے اور دو افراد حادثات کا شکار ہوگئے جنہیں مختلف ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا۔
ایس پی سٹی نے بتایا کہ پتنگ بازوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔دوسری طرف منچلے مال روڈ، جیل روڈ، ملتان روڈ، فیروزپور روڈ، جی ٹی روڈ، کینال روڈ، ایم ایم عالم روڈ، لبرٹی مارکیٹ اور ڈیفنس روڈ پر ون ویلنگ کے خطرناک کرتب دکھاتے رہے اس دوران متعدد نوجوان گر کر شدید زخمی بھی ہوئے۔
