
اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان سے پیپلز لائر زفورم آزاد کشمیر کے چیف آرگنائزر راجہ شفاعت حسین نے ملاقات کی اور مجموعی سیاسی صورتحال، پاکستان اور آزاد کشمیر میں عدلیہ کے کردار، وکلاء برادری کے مسائل اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا، صدر آزاد کشمیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء کا کردار بڑا اہم ہے۔
ملک میں جمہوریت کی بحالی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے پیپلز لائر زفورم کے ممبران کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے وکلاء نے ہمیشہ جمہوری اصولوں کی پاسداری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری جمہوریت کے استحکام اور گڈ گورننس کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ پیپلز لائرز فورم کے ارکان حکومت کی خامیوں، کوتاہیوں کی نشاندہی اور کارکردگی کو اجاگر کریں۔ راجہ شفاعت نے پیپلز لائرز فورم کے تنظیمی ڈھانچے اور دیگر سرگرمیوں کے حوالے سے صدر آزاد کشمیر کو بریفنگ دی۔
