
انقرہ (جیوڈیسک) ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردوان نے استنبول کے تقسیم سکوائر پر مظاہروں کی پہلی سالگرہ میں شرکت پر کریک ڈاؤن کی دھمکی دیتے ہوئے عوام بالخصوص نوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ مظاہروں کی سالگرہ میں شرکت نہ کریں۔
استنبول میں اپنے حامیوں کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم اردوان کا کہنا تھا کہ اگر آپ نے سالگرہ میں شرکت کی تو فورسز کو واضح طور پر حکم دے دیا گیا ہے کہ وہ موقع کی مناسبت سے تمام ضروری اقدامات کریں۔
آپ گزشتہ برس کی طرح تقسیم سکوائر پر قبضہ نہیں کر سکیں گے ،ایسی کسی کوشش کی صورت میں ریاست تمام ضروری اقدامات کرے گی۔یہ تنبیہ اس وقت کی گئی ہے جب اپوزیشن نے مظاہروں کی سالگرہ پر ملک گیر مظاہروں کا اعلان کر رکھا ہے۔
حکومت نے تقسیم سکوائر پر ہونے والے مظاہروں کو روکنے کیلئے ہزاروں سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم اردوان نے مزید کہا کہ بہت سے لوگ مظاہروں کی کال دے رہے ہیں لیکن نوجوان ان کی آواز پر لبیک نہ کہیں۔
یاد رہے کہ ترکی میں گزشتہ برس تقسیم سکوائر میں واقع غازی پارک کو دوبارہ بنانے کے منصوبے کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا آغاز ہوا تھا جس میں متعدد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو گئے تھے۔
