
کراچی: ضلع کورنگی میں پھولوں کا شہر آباد کرنے کی تیاریوں کا آغاز بہت جلد ضلع کورنگی کے تحت شاہ فیصل زون میں ملیر ریور برج کے ساتھ قائم وسیع و عریض ناصر حسین شہید فیملی پارک پر فلاور شو کا انعقاد کیا جائے گا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے محکمہ باغات کو تیاریوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ فلاور شو کے حوالے سے تمام تر تیاریوں مکمل کی جائیں اور شو میں انواع اقسام کے پودوں اور فیملیز کے لئے تقریبات کا اہتمام کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے شاہ فیصل زون کے افسران کے ہمراہ فلاور شو کی انعقاد کے حوالے سے ملیر ریور برج کے ساتھ قائم ناصر حسین شہید فیملی پارک کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون کے XENاسلم پرویز ،ڈپٹی ڈائریکٹر پارک عبدالکریم ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پارک شاہ فیصل زون عبدالصمد اور انفارمیشن آفیسر محمد ارشد بھی موجود تھے۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے کہاکہ ضلع کورنگی کے تحت منعقد کئے جانے والے فلاور شو سے ضلع میں امن و محبت کو فروغ اور ثقافت کو اُجاگر کرنے کا موقع ملے گا انہوں نے کہاکہ اراکین اسمبلی اور عوام کے تعاون سے ضلع کورنگی میں بسنے والے ہر فرد کو صاف ستھرا سرسبز ماحول اور مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنا یا جائے گا اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے محکمہ باغات سمیت تمام محکموں کو ہدایت کی کہ علاقائی ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے حوالے سے اقدامات کو تیز کریں اور صاف ستھرے سرسبز ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے۔
