
قاہرہ (جیوڈیسک) آپریشن اسرائیل کی سرحد کے قریب کیا گیا،فورسز نے دھماکہ خیز مواد بنانے والی فیکٹری سمیت کئی ٹھکانے تباہ کر دیئے، متعدد زخمی مصر میں سکیورٹی فورسز کا شمالی سینا میں آپریشن، 14 عسکریت پسند ہلاک، متعدد زخمی، دھاکہ خیز مواد بنانے والی فیکٹری بھی تباہ۔ تفصیلات کے مطابق حکام نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے شمالی سینا کے علاقے میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کیا جس میں 14 عسکریت پسند ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
فورسز نے شیخ زوید اور رفاہ شہروں کے قریب جنگجوؤں کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیئے جن میں جنگجوؤں کا ایک ہسپتال اور دھماکہ خیز مواد بنانے والی فیکٹری بھی شامل ہے۔ یہ ٹھکانے اسرائیل کی سرحد کے قریبی علاقے میں تھے ۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی سکیورٹی فورسز نے سینا میں آپریشن کر کے 50 سے زائد عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ دریں اثنا مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ ملکی فوج لیبیا میں عسکریت پسندوں کے خلاف کسی بھی فضائی یا زمینی آپریشن میں حصہ نہیں لے رہی۔
ایوان صدر میں اخباروں کے مدیران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر السیسی کا کہنا تھا کہ ابھی تک ملکی فوج نے بیرون ملک کسی آپریشن میں حصہ نہیں لیا، لیبیا کی فضائی حدود میں مصری فضائیہ کا کوئی طیارہ نہیں گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصر پڑوسی ممالک کی سلامتی اور خودمختاری کا خواہاں ہے۔ لیبیا میں قیام امن کیلئے دوست ممالک سے بات چیت جاری ہے۔
