
تلہار (نمائندہ) 19 نومبر اور 17 دسمبر کو دو بار ملتوی ہونیوالے انتخابات کے بعد 23 جنوری کو ٹائون کمیٹی تلہار کے 11 وارڈز اور یونین کونسل سعید پور اور پیر علی بھادر شاھ میں پولنگ منعقد کی گئی صبح سویرے ہی ووٹرز اپنے گھروں سے نکل کر پولنگ اسٹیشن کی طرف روانہ ہوئے جبکہ مختلف پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ عمل دیر سے شروع ہونے کی وجہ سے ووٹرز کو پریشانی کا سامنہ رہا مذکورہ حلقوں میں پیپلز پارٹی، مرزا گروپ اور آزاد گروپ کے امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔
جبکہ 30 پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے 5ایس ایس پی اور ڈی ایس آر رینجرز سمیت پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی ٹائون کمیٹی تلہار کے وارڈ نمبر 2کی خواتین پولنگ اسٹیشن میں الیکشن انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے ملنے والے مٹیریل میں سرکاری ووٹر لسٹ غائب ہونے کے باعث پولنگ 5گھنٹے تاخیر کے بعد ڈی آر او اور ضلع انتظامیہ نے پہنچ کرعام روایتی ووٹر لسٹ پر آر او کی تصدیق کے بعدپولنگ شروع کرائی جس پر امیدواروں نے شدید احتجاج کیا جبکہ وارڈ نمبر تین کی خواتین پولنگ اسٹیشن میں ایک بیلٹ پیپر بوک غائب تھا اوراور اسی پولنگ اسٹیشن پر الیکشن عملے اور پولیس کی ملی بھگت سے پیپلز پارٹی کی حمایت میں ٹھپے مارنے کے دوران مرزا گروپ کے ایجنٹوں نے شدید احتجاج کیا جس پر پولنگ کا عمل بند ہو گیا۔
صورتحال کافی دیر تک بگڑ گئی جس پر مرزا گروپ کے امیدواروں نے پیپلز پارٹی پر دھاندھلی کے الزام لگائے صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے رینجرز کے افسران اور پولیس پہنچی حالات کو قابو کرنے کے بعد دوبارا پولنگ کا عمل شروع کرایا تمام علائقوں میںپولیس اور رینجرز کے باعث کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آیا جس پر عوام نے جوانوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا پولنگ عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
نوٹ: انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہو رہے ہیں جو بعد میں بھیجے جائینگے۔
