
لاہور (جیوڈیسک) بجلی کا شارٹ فال تین ہزار میگاواٹ رہ گیا تاہم تکنیکی خرابیوں کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کے بریک ڈان کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت پانی و بجلی کے حکام کے مطابق بجلی کی طلب سولہ ہزار آٹھ سو اور پیداوار تیرہ ہزار آٹھ سو میگاواٹ ہے۔پن بجلی کی پیداوار پانچ ہزار دو سو پچیس میگاواٹ ہو گئی ہے۔
جبکہ آئی پی پیز چھ ہزار چار سو پچیس میگاواٹ بجلی فراہم کر رہے ہیں۔ تھرمل بجلی گھروں سے دو ہزار ایک سو پچاس میگواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے جس کے باعث لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ شہری علاقوں میں آٹھ اور دیہی علاقوں میں بارہ گھنٹے تک ہے۔
فیصل آباد اور ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے کئی اضلاع میں بارہ سے سولہ گھنٹے بجلی کی بندش جاری ہے جبکہ بعض علاقوں میں سحر و افطار میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
