
لندن (جیوڈیسک) انگلینڈ میں ایک کرکٹ میچ کے لیے صرف مذہبی عقیدے کی بنیاد پر ایک امپائر پر پابندی عائد کردی گئی۔ یہ مقابلہ 19 ستمبر کو چرچ آف انگلینڈ الیون اور ویٹی کن الیون کے درمیان کھیلا جائے گا۔ مائیکل کلاٹن کو کرکٹ امپائرنگ کا 18 برس کا تجربہ ہے۔
ان کی اس میچ کیلیے پیشکش صرف اس لیے رد کردی گئی کہ ان کے ایک پردادا 19 ویں صدی میں بشپ آف روسٹر ہوا کرتے تھے، اس لیے میچ آرگنائزرز کو خدشہ تھا کہ اپنے اسی مذہبی عقیدے کی وجہ سے وہ کیتھولک ٹیم کے خلاف ’نیوٹرل‘ نہیں ہوسکتے۔
مائیکل کلاٹن کا کہنا ہے کہ میں نے ایک اشتہار دیکھ کر اس میچ میں امپائرنگ کی پیش کش کی مگر مجھے ایک فون کال کے ذریعے ایک خاتون نے بتایا کہ میرے فیصلوں پر رومن کیتھولک چر چ کی ٹیم کو اعتراض ہوسکتا ہے اس لیے میری خدمات حاصل نہیں کی جاسکتیں۔
