
فیصل آباد (جیوڈیسک) سمندری، جڑانوالہ اور تاندلیانوالہ سمیت مختلف علاقوں سے پہنچنے والی ریلیاں فیصل آباد کے ضلع کونسل پہنچ کر بڑی ریلی میں تبدیل ہو گئیں۔ سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کی قیادت میں گھنٹہ گھر تک ریلی کے شرکاء نے حکومت کے حق اور جمہوریت بچاؤ کے نعرے بھی لگائے۔
شرکاء نے وزیر اعظم نواز شریف کی تصاویر اور لیگی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد بھی ریلی میں شریک تھی۔ گھنٹہ گھر چوک میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا۔
کہ نواز شریف کو وزارت عظمیٰ سے ہٹانے کیلئے سازش کے تحت مہم چلائی جا رہی ہے لیکن لیگی کارکن اور اتحادی متحد ہیں۔ آئین اور جمہوریت کی بالا دستی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ارکان اسمبلی طلال چودھری، میاں عبدالمنان، شہباز بابر اور دیگر نے بھی ریلی سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو پاکستان میں لشکر کشی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
